سائوتھمپٹن۔20جون (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا لئے۔ کپتان ویرات کوہلی 44 اور اجنکیا راہانے 29 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ خراب موسم کے باعث دوسرے دن 64.4 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔
روز بائول سائوتھمپٹن میں ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ روہیت شرما اور شبمن گل نے 62 رنز کا آغاز فراہم کیا، شرما 34 رنز بنانے کے بعد کائل جیمسن کی گیند پر ٹم سائودی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ شبمن گل دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 28 رنز بنا کر نیل ویگنر کا نشانہ بن گئے۔
بھارت کو تیسرا نقصان 88 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب چیتشوا پجارا 8 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ جلد تین وکٹیں گر جانے کے بعد کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا راہانے نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 146 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر بارش شروع ہوگئی اور میچ کو روک دیا گیا۔
مسلسل بارش اور گرائونڈ میں پانی جمع ہو جانے کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ کا پہلا روز بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا۔