آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل شیرعلی مرزو کی ملاقات

55
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔14جولائی (اے پی پی):چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل شیرعلی مرزو نے بدھ کو جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، مجموعی علاقائی صورتحال بشمول افغانستان میں حالیہ پیشرفت خصوصا تاجک افغان سرحد کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کی قدر کرتا ہے جو مشترکہ عقیدے، ثقافت اور علاقائی امن ، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور پر ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ آرمی چیف نے تاجکستان کی علاقائی رابطہ کاری کی کوششوں اور بالخصوص پاکستان کے ذریعے اس کے حصول کے رجحان کی تعریف کی۔

تاجکستان کے وزیر دفاع نے علاقائی امن و استحکام ، خصوصا افغان امن عمل کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے مابین بہتر تعلقات کے لئے کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔