برسلز۔14جولائی (اے پی پی):یورپی یونین نے آب و ہوا کو نقصان پہنچانے والی ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں کمی بارےقانونی پیکيج تیار کر لیا ہے ۔ جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق ماحولیات بارے نئے قانونی پیکج کے تحت 1990کے مقابلے میں 2030 تک ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں 55 فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کی مناسبت سے اس پروگرام کا نام ’’ فٹ فار55‘‘ رکھا گیا ہے۔ قانونی مسودے میں 13 نئے یا ترمیم شدہ قانونی نکات شامل ہیں، اس پیکیج ميں آب و ہوا کے قومی اہداف طے کرنے کے لیے بھی گائیڈ لائنز شامل ہیں۔ یورپی کمیشن کی جانب سے موبیلٹی سیکٹر اور زراعت میں بھی تبدیلیوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ یورپی کمیشن 2050 تک (کلائمیٹ نیوٹرل) ہونا چاہتا ہے۔