دو بڑے ممالک کی حیثیت سے چین اور امریکا کے لیے تعاون ہی واحد راستہ ہے ،چینی وزیر خارجہ

بیجنگ۔2ستمبر (اے پی پی):چینی وزیرخارجہ وانگ یی نےکہا ہے کہ دو بڑے ممالک کی حیثیت سے چین اور امریکا کے لیے تعاون ہی واحد راستہ ہے ۔ انہوں نے یہ بات ویڈیو لنک کے ذریعے چین کے شہر تیان جن میں چین۔امریکا موسمیاتی تبدیلی مذاکرات میں شریک امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے موسمیاتی امور جان کیری سے بات چیت کے دوران کہی ۔ انہوں نےکہاکہ حالیہ برسوں میں چین۔ …

بیجنگ۔2ستمبر (اے پی پی):چینی وزیرخارجہ وانگ یی نےکہا ہے کہ دو بڑے ممالک کی حیثیت سے چین اور امریکا کے لیے تعاون ہی واحد راستہ ہے ۔

انہوں نے یہ بات ویڈیو لنک کے ذریعے چین کے شہر تیان جن میں چین۔امریکا موسمیاتی تبدیلی مذاکرات میں شریک امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے موسمیاتی امور جان کیری سے بات چیت کے دوران کہی ۔

انہوں نےکہاکہ حالیہ برسوں میں چین۔ امریکا تعلقات میں تیزی سے بگاڑ آیا ہے اور سنگین مشکلات لاحق ہیں، اس کی وجہ یہی ہے کہ امریکا نے چین کےحوالے سے ایک بڑا سٹریٹجک غلط فیصلہ کیا ہے ۔

امریکا کو چاہیے کہ وہ چین کو خطرہ اور حریف سمجھنا چھوڑ دے اور دنیا بھر میں چین کو محدود کرنے اور دبانے کی کوششیں ترک کرے۔وانگ یی نے کہا کہ دو بڑے ممالک کی حیثیت سے چین اور امریکا کے لیے تعاون ہی واحد راستہ ہے، یہ عالمی برادری کی امید بھی ہے۔

چین اور امریکانے دو طرفہ شعبوں اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم عالمی و علاقائی امور پر موثر تعاون اور بات چیت کی ہے، امریکا کو ٹھوس اقدامات سے چین۔امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ چین امریکا موسمیاتی تبدیلی کے تعاون کو چین امریکا تعلقات کے مجموعی ماحول سے الگ نہیں کیا جا سکتا ہے۔

امریکا کو چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو دوبارہ معمول کے ٹریک پر واپس لانے کے لیے مثبت اقدامات کرنے چاہئیں۔