لاہور۔یکم نومبر(اے پی پی )وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پاکستان کے 20 کروڑ عوام کی جیت ہوئی ہے ،پانامہ لیکس کے حوالے سے معاملہ عدالت عظمی میں جانے کے بعد احتجاج کا کوئی جواز باقی نہیں رہ گیا تھا،پاکستان کے عوام ملک کی ترقی و خوشحالی اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں -پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک کو مسائل سے نکالنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے- وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں قومی معیشت مستحکم بنیادوں پر استوار ہوئی ہے -بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام کے حصول کیلئے معاشی و اقتصادی ترقی ناگزیر ہے -پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث معیشت بہتر ہوئی ہے – آج قومی معیشت کی بہتری کا اعتراف عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں –