سابقہ حکومتوں نے کراچی کے دائمی مسائل پر آنکھیں بند رکھیں،تحریک انصاف حکومت نے کراچی شہر کی کھوئی ہوئی عظمت کی بحالی کا عزم کر رکھا ہے،سینیٹر شبلی فراز

56

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے سابقہ حکومتوں پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے کراچی کے دائمی مسائل پر آنکھیں بند رکھیں تاہم موجودہ حکومت نے ملک کے سب سے بڑے میٹروپولیٹن شہر کی کھوئی ہوئی عظمت بحال کرنے کا عزم کر رکھا ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملکی معیشت تباہ حال اور مہنگائی عروج پر تھی۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ تیرہ سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے لیکن اس نے کراچی کے لوگوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور صوبے کے مسائل حل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔

شبلی فراز نے کہا کہ گرین لائن بس منصوبہ کراچی کے شہریوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا اور شہری عالمی معیار کی سستی سواری سے لطف اندوز ہو سکیں گے، وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کیلئے مزید فنڈز جاری کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے سوشل میڈیا پر غیراخلاقی وائرل وڈیوز کے ذریعے ممتاز اور سیاسی شخصیات کو بدنام کرنے کے رحجان کی شدید مذمت کی ہے۔

ملک میں غربت کی شرح بڑھنے سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور بیشتر کاروبار سست پڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں کیلئے فنڈز جاری کئے گئے ہیں تاکہ ان کے مسائل فوری بنیادوں پر حل کئے جا سکیں۔