پہلی بار ترقی کے سفر میں نچلے طبقے کو ترجیح دی گئی ، چھوٹے قرضوں کی وصولی کی شرح 99 فیصد ہے، ہر گھر کے ایک فرد کو ٹیکنیکل ٹریننگ دیں گے، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کامیاب پاکستان پروگرام کے اجراء کے موقع پر خطاب

113

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے متوسط طبقے کی آمدن میں اضافے کے لیے کچھ نہیں کیا، موجودہ حکومت پائیدار ترقی کے لیے اقدامات کررہی ہے، پہلی بار ترقی کے سفر میں نچلے طبقے کو ترجیح دی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامیاب پاکستان پروگرام کے اجراء کے موقع پر خطاب میں کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ غریب صرف ترقی کے خواب ہی دیکھتا رہا، وزیراعظم نے غریبوں کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شوکت ترین نے کہا کہ وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی ہے کہ غریب کو بااختیار بنانے کے لیے کام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے،

موجودہ حکومت پائیدار ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار ترقی کے سفر میں نچلے طبقے کو ترجیح دی گئی ہے، چھوٹے قرضوں کی وصولی کی شرح 99 فیصد ہے، ہر گھر کے ایک فرد کو ٹیکنیکل ٹریننگ دیں گے، پروگرام مائیکرو فنانس اداروں کے ذریعے بینکوں اور کم آمدن والے طبقات کو جوڑے گا، یہ کمزور طبقات کے حوالے سے ریاست کے احساس ذمہ داری کی عملی تعبیر ہے۔