اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہےکہ پاکستا ن امن کا سب سے بڑا داعی ہے،افغانستان میں امن کے قیام سے وسط ایشاء میں اقتصادی تبدیلی رونما ہوگی۔
یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وہ پنج پیر صوابی میں ترقیاتی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام سے سینٹرل ایشیاء میں اقتصادی تبدیلی رونماء ہوگی ،پاک چین اقتصادی راہداری اور خاص طور پر گودار سے سینٹرل ایشیاء میں کاروبار اور روزگار کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ دنیا میں کرونا وباء کے بعد معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے عارضی بحران پیدا ہوا ،غریب اور متواسط طبقے کیلئے جلد ریلیف پیکج دیں گے۔اسپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو آزاد خارجی پالیسی دی،خطے میں بدلتی صورت حال کے پیش نظر پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے ،
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا،رشکئی اسپیشل اکنامک زون کی تکمیل سے صوابی ، نوشہرہ ، مردان اور چارسدہ کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے ،عالم آباد ویلفیئر ٹاؤن صوابی میں یتیموں اور بیواؤں کو مفت تعلیم ، صحت اور رہائش کے مواقع دے گا ،
اسپیکرنے کہا کہ صوابی کے عوام تمام تحریکوں میں پیش پیش رہیں ،ماضی میں چوٹھے صوبوں کی حق تلفی ہوتی تھی ، موجودہ دور میں خیبر پختونخوا ، بلوچستان سمیت سابق فاٹا کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،صوابی کو پہلی بار ملکی سیاست میں نمائندگی ملی ہے،صوابی میں صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔