گلگت بلتستان بھر میں جشن آزادی گلگت بلتستان کی خصوصی تقریبات،آج کا دن شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور تجدید عہد کا دن ہے، وزیر اعلی گلگت بلتستان کا یادگار شہدا پر تقریب سے خطاب

182
گلگت بلتستان بھر میں جشن آزادی گلگت بلتستان کی خصوصی تقریبات،آج کا دن شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور تجدید عہد کا دن ہے، وزیر اعلی گلگت بلتستان کا یادگار شہدا پر تقریب سے خطاب

گلگت۔1نومبر (اے پی پی):گلگت بلتستان بھر میں جشن آزادی گلگت بلتستان کی خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔اس دن کی مناسبت سے تمام دس اضلاع میں جلسے، جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں اور مختلف سکولوں میں طلبہ نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے۔اس سلسلے میں مرکزی تقریب گلگت چنار باغ گلگت میں منعقد ہوئی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے جشن آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے یادگار شہدا پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن اپنے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور تجدید عہد کرنے کا دن ہے، ہمارے آباؤ اجداد نے اس خطے کو جذبہ ایمانی سے سرشار ہوکر بغیر کسی بیرونی امداد کے ڈوگروں سے آزاد کرایا،

آج کے دن ہمیں اپنے اصلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے اور آزادی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کا عہد کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی آزادی کا نظریہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والی دنیا کی واحد مملکت پاکستان کے نظریے سے ملا اسی لئے گلگت بلتستان کو ڈوگروں سے آزاد کرانے کے بعد پاکستان سے الحاق کیاگیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ ملک کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان جیسی مخلص اور ایماندار قیادت ملی ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو رہا ہے اور ملک ترقی کے منازل طے کررہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے 10مہینے میں گزشتہ 70 سالہ محرومیوں کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کیے۔370 ارب کا خصوصی ترقیاتی پیکیج منظور کرایا جس کے تحت گلگت بلتستان تعمیر وترقی کی نئے راہ پر گامزن ہوگا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ آج کے اس جدید دور میں بھی گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کا مسئلہ تھا جس کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے 4جی کی نیلامی کو ممکن بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت گلگت بلتستان کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے، انشاء اللہ عبوری آئینی صوبہ کا خواب بھی جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔

مختصر عرصے میں کرپشن کے خاتمے اور گڈ گورننس کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں، تمام شعبوں میں نئی اصلاحات متعارف کرا رہے ہیں۔ عوام کوان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی ہے۔ ہماری ترجیح معاشرے کا وہ محروم طبقہ ہے جو گزشتہ ادوار میں نظر اندازہوتا رہا، تمام علاقوں میں بلا تفریق میگا منصوبے شروع کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کا آغاز گلگت بلتستان سے ہوتا ہے اور ماضی کے حکومتوں کی نا اہلی کی وجہ سے گلگت بلتستان کو اس اہم منصوبے میں حصہ نہیں ملا لیکن وزیر اعظم پاکستان کی گلگت بلتستان سے محبت اور گلگت بلتستان حکومت کی کوششوں سے انفراسٹرکچر اور توانائی کے میگا منصوبے سی پیک میں شامل ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ رائیکوٹ تا تھاکوٹ موٹروے منصوبہ 10جے سی سی میں منطور ہوا، گلگت چترال ایکسپریس وے پر کام شروع ہوا ہے،دیگر منصوبوں پر بھی جلد کام شروع ہوگا۔ مجھے امید ہے کہ ہر آنے والا سال گلگت بلتستان اور پاکستان کے عوام کیلئے خوشخبریوں کا سال ہوگا اور مایوسیوں کا خاتمہ ہوگا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ مفکر پاکستان حضرت علامہ اقبال کے خواب اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریے کی بنیاد پر ہمارے آباؤ اجداد نے گلگت بلتستان کے اس اہم خطے کو ڈوگروں سے آزاد کرایا۔ آج کے دن اس بات کا عہد کرنا ہے کہ اپنے اصلاف کی قربانیوں کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہم سب کو اپنے حصہ کی شمع روشن کرنے کی ضرورت ہے اور ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب میں گورنر گلگت بلتستان، فورس کمانڈر گلگت بلتستان،

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور سول و عسکری افسران اور شہدا و غازیوں کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، فورس کمانڈر گلگت بلتستان اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے اور دعا کی۔