دنیاکے 120 ممالک میں رائج سی بی ٹی اے پروگرام کو ٹیوٹا کے ا داروں میں بھی متعارف کرایاگیا ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال

88

لاہور۔16نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ دنیاکے 120 ممالک میں رائج سی بی ٹی اے پروگرام کو ٹیوٹا کے ا داروں میں بھی متعارف کرایاگیا ہے اس پروگرام کے تحت 1100 نوجوانوں کو ہنر مند بنایا گیاہے، ہنر روزگار میلہ 2021گریجویٹس کو ملکی اور غیر ملکی انڈسٹری میں پھیلانے کیلئے ایک زبردست پلیٹ فارم ہے،اس کے ساتھ ساتھ پنجاب میں معیاری فنی تعلیم کے فروغ میں یورپی یونین ، ناروے حکومت اورجرمن ادارے کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں ٹیوٹا ، نیوٹیک اور اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن کے اشتراک سے منعقدہ ہنر روزگار میلہ 2021کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے عندلیب عباس ،چیئر مین ٹیوٹا علی سلمان صدیق، چیف ایڈوائزر ٹیوٹا، سکلز پالیسی پنجاب عثمان خان ، صدر لاہور چیمبر نعمان کبیر ،پاکستا ن میں یورپی یونین وفد کے سربراہ اوویڈیو مائیک اورٹی ویٹ سیکٹر سے منسلک افراد نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو عالمی معیار کے مطابق بہترین پیشہ وارانہ تکنیکی تربیت فراہم کر رہی ہے

،تکنیکی کے اداروں کو ایک چھتری تلے لانے کیلئے ریگولیٹری باڈی پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنائی گئی ہے، تکنیکی اداروں کے کورسز کو جدید تقاضوں اور صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روایتی طریقہ سے ہٹ کر جدید تکنیکی تربیت سے آراستہ کیا جا رہا ہے ، اس حوالے سے چیئرمین ٹیوٹا انکی ٹیم اور بین الاقوامی اداروں کی کاوششیں لائق تحسین ہیں۔صوبائی وزیر نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی بہترین معاشی پالیسی کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں،

سیمنٹ سیکٹر میں 600 ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کیلئے 8 این او سی جا ری ہو چکے ہیں جبکہ 7 مزید این او سی کی منظوری کابینہ نے دے دی ہے۔ صوبائی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں چینی اور آٹا سستا ہے ۔ پنجاب میں ہر جگہ چینی 90 روپے فی کلو جبکہ 20 کلوآٹے کا تھیلہ 1100 روپے میں دستیاب ہے۔ مہنگی چینی کا وہی لوگ شور مچا رہے ہیں جن کی اپنی شوگر ملیں ہیں۔ شوگر مافیا کا درآمدی چینی کی کوالٹی بارے پراپیگنڈہ بے بنیاد ہے۔

درآمدی چینی کی مٹھاس اورکوالٹی میں کوئی فرق نہیں۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے مختلف صنعتوں اور اداروں کی جانب سے لگائے سٹالز کا معائنہ کیا۔چیئرمین ٹیوٹا علی سلمان صدیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنر روزگار میلہ کے انعقادسے روزگارکے متلاشی ہنر مندوں کوپلیٹ فارم ملا ہے۔ جرمن ادارے کے اولف ہینڈلوگین(Olaf Handloeglen ) نے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد سے پاکستان کے ٹی ویٹ سیکٹر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا پوٹینشل اجاگر ہوا ہے۔