ملک کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 26فیصد اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):ملک کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ میں 26.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہےجس سے ملک کو مجموعی طور پر 6.021 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک اور پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ٹیکسٹائل کی برآمدات سے ملک کو 6.021 ارب ڈالر کا …

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):ملک کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ میں 26.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہےجس سے ملک کو مجموعی طور پر 6.021 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک اور پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ٹیکسٹائل کی برآمدات سے ملک کو 6.021 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے 4.758 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 26.55 فیصد زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سوتی دھاگہ کی برآمدات میں مجموعی طور پر اس عرصہ کے دوران 71.39 فیصد کی نمو ہوئی۔رواں مالی سال کے پہلے4ماہ میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے 394.76 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے 230.32 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ سوتی ملبوسات کی برآمدات میں 18.54 فیصد کی شرح سے ا ضافہ ہوئی۔

جولائی سے اکتوبر تک سوتی ملبوسات کی برآمدات سے 740.71 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں یہ حجم 624.87 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ کاٹن کی برآمدات میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ مالی سال کے پہلے 4ماہ میں کاٹن کی برآمدات نہیں ہوئی تھیں جبکہ رواں مالی سال میں کاٹن کی برآمدات سے 1.543 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔

غیر سوتی دھاگہ کی برآمدات میں 114.55 فیصد اضافہ ہوئی۔ رواں مالی سال میں غیر سوتی دھاگہ کی برآمدات سے 17.23 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ گذشتہ سال یہ حجم 8.035 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ نیٹ ویئر کی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 34.45 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس مدت میں نیٹ ویئر کی برآمدات سے 1.601 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.182 ارب ڈالر تھا۔

بیڈ ویئر کی برآمدات سے 1.091 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے 899.55 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 21.30 فیصد زیادہ ہے۔ تولیہ کی برآمدات سے رواں مالی سال میں 323.38 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 14.17 فیصد زیادہ ہے۔ ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 22.34 فیصد کی شرح سے ترقی ہوئی ہے۔

رواں مالی سال میں ریڈ میڈ گارمنٹس کی برآمدات سے ملک کو 1.158 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 947 ملین ڈالر تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق خام کاٹن، خیمے، کینوس اور ترپال کی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اکتوبر کے مہینے میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں گذشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 24.24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اکتوبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 1.600 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ گذشتہ اکتوبر میں یہ حجم 1.288 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔