اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کامیاب جوان پروگرام سے کاروباری قرض حاصل کرنے والی ملتان کی خاتون کی وڈیو ٹویٹ کردی۔
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کامیاب جوان پروگرام پاکستان کے کونے کونے میں اپنا کاروبار قائم کرنے کے لئے نوجوانوں میں قرضوں کا حصول آسان بنا رہا ہے، کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر میں 22 ہزار نوجوانوں کے لئے 30 ارب روپے سے زائد کے کاروباری قرضوں کی منظوری انتہائی خوش آئند ہے، پنجاب میں 16 ہزار سے زائد نوجوانوں کے لئے 22.1 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری حکومت کا قابلِ تعریف اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سے تعلق رکھنے والی خاتون سلمٰی بخاری نے کامیاب جوان پروگرام کے توسط سے اپنا پارلر کھول لیا، کامیاب جوان اسکلز سکالرشپ پروگرام سے صوبہ پنجاب میں 2 ارب روپے سے زائد کی مالیت سے 51 ہزار نوجوانوں کو مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق جدید ہنرسکھائے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام نے صوبہ پنجاب میں مجموعی طور پر 24 ارب روپے کی لاگت سے 67 ہزار نوجوانوں کو مستفید کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین حیران کن صلاحیتوں کی مالک ہیں اور ملک کی معاشی ترقی میں ان کا کرداربہت اہم ہے،
کامیاب جوان پروگرام خواتین کو کاروبار کے میدان میں مضبوط بنانے کے مشن پر سرگرمِ عمل ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرنے والی سلمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک چھوٹے سے کمرے سے میں نے اپنا پارلر شروع کیا تھا، بڑے پیمانے پر اپنا سلون بنانا میرا خواب تھا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سے کامیاب جوان کی لون سکیم کا پتہ چلا تو اپلائی کر دیا، قرض کی رقم سے اچھی جگہ پہ اپنا پارلر کھول لیا جس کا بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف اپنی آمدنی اچھی ہوگئی ہے بلکہ ٹرینیز کو ماہانہ تنخواہ پہ رکھ لیا ہے، غریب بچیوں کو مفت ٹریننگ دے رہی ہوں۔