اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری کا خواہاں ہے۔
یہ بات انہوں نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورہ پر آئی انڈونیشیا کی اپنی ہم منصب ریتنو مرسودی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ہفتہ کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان گہرے برادرانہ مراسم ہیں ۔پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ نے خواتین کے حقوق کے لیے موثر آواز اٹھانے پر انڈونیشیا کی وزیر خارجہ کو مبارکباد دی ، پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان عوام کی سطح پر روابط کے فروغ اور دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سیاحت اور تجارت کے فروغ کے لیے ویزوں کے حصول میں سہولت کی فراہمی سود مند ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں۔انڈونیشیا کی وزیر خارجہ محترمہ ریتنو مرسودی نے پرتپاک خیر مقدم اور پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔