اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):ازبکستان کے نائب وزیر اعظم اور سرمایہ کاری وغیر ملکی تجارت کے وزیر عمر زاکوف نے 21 سے 22 فروری 2022 کو 43رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا ۔
وفد میں وزراء، سرکاری افسران اور ازبک تاجر شامل تھے۔اپنے دورے کے دوران ازبک نائب وزیر اعظم نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص ازبک صدر کے مارچ 2022 کے پہلے ہفتے میں متوقع دورے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ازبکستان کے تجارتی وفد نے ٹیکسٹائل، لاجسٹکس، خوراک، انجینئرنگ ،نقل وحمل اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اداروں کے ساتھ کاروباری ملاقاتیں کیں۔ ازبک نائب وزیراعظم اور ممتاز پاکستانی تاجروں کے درمیان بزنس پر ایک گول میز کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد سے ملاقات کے دوران فریقین نے 3 مارچ 2022 کو ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو عملی شکل دینے اور مارکیٹ تک رسائی،بینکنگ تعاون،پاکستانی تاجروں کے لیے ازبک ویزا میں آسانی کے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اورمتفقہ اقدامات کو تیزی سے نافذ کرنےکے عمل کو حتمی شکل دینے کی غرض سے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔
مزید برآں، ازبک وفد نے 22 فروری 2022 کو فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے وزیر، وزیر ریلوے، وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات کے ساتھ ملاقات کی جس میں اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔اس دوران ٹرانس افغان ریلوے پراجیکٹ اور زراعت کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔