وزیر اعظم عمران خان کی جانب سےعوام کیلئے ریلیف پر مبنی اعلانات سے اپوزیشن کو سانپ سونگھ گیا ہے ، مسرت جمشید چیمہ

152

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قوم سے خطاب میں ریلیف دینے کے اعلانات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عوامی امنگوں کی ترجمان کی ، عوام کیلئے ریلیف پر مبنی اعلانات سے اپوزیشن کو سانپ سونگھ گیا ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات کا عہدہ ملنے پر مبارکباد دینے کے لئے آنے والوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پٹرول 10 روپے لیٹر اور بجلی 5 روپے یونٹ سستی کرنا تاریخی فیصلہ ہے، احساس پروگرام کے تحت مالی امداد میں2 ہزار روپے مزید اضافے سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا،

گریجویٹس کیلئے انٹر شپ پروگرام سے ثابت ہوگیا کہ وزیراعظم کو اپنے نوجوانوں کی فکر ہے اور اس سے لاکھوں نوجوان استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے لئے جامع پیکج آنے سے ہماری گروتھ بڑھے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ،407 ارب روپے کے ریلیف سے زراعت ، ہائوسنگ سمیت مختلف کاروبا ر ترقی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جو اعلانات کئے ہیں اس سے سندھ کے کروڑوں عوام بھی مستفید ہوں گے ،اپوزیشن سڑکوں کی خاک چھانتی رہے ،ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے ۔