پنڈی ٹیسٹ ، قومی ٹیم نے آسٹریلیا ک خلاف پہلے روز ایک وکٹ کے نقصان پر 245رنز بنا لئے، امام الحق کی سنچری

77
پنڈی ٹیسٹ ، قومی ٹیم نے آسٹریلیا ک خلاف پہلے روز ایک وکٹ کے نقصان پر 245رنز بنا لئے، امام الحق کی سنچری

راولپنڈی ۔4مارچ (اے پی پی):24سا ل بعد پاکستانی سر زمین پرہونے والے پہلے پاک آسٹریلیا ٹیسٹ میچ کا پہلا روز پاکستانی بلے بازوں کے نام رہا ، قومی ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 245رنز بنا لئے ۔ پاکستانی بیٹر امام الحق نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری بنا ڈالی،امام الحق 132اور اظہر علی 64رنز کےساتھ کریز پر موجود ہیں ۔

جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کر نے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر بیٹر امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے کھیل کا شانداز آغاز کرتے ہوئے 105رنز کی شراکت قائم کی ۔ قومی ٹیم کا پہلا نقصان 105رنز پر اس وقت ہوا جب عبداللہ شفیق چھکا لگانے کی کوشش میں ناتھن لیون کی گیند پر پیٹ کمنز کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو ئے۔

انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستانی بیٹر عبد اللہ شفیق کے آوٹ ہونے کے بعد امام الحق کاساتھ دینے کےلئے تجربہ کار بیٹر اظہر علی میدان میں آئے جس کے بعد دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور آگے بڑھایا ۔چائے کے وقفے تک پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنالئے تھے اورامام الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کرلی۔ 200 گیندوں پر بننے والی سنچری میں دو چھکے اور 13 چوکے شامل ہیں،

پاکستانی بیٹر اظہر علی نے بھی 113بالز پر ففٹی بنائی جن میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل ہیں۔پاکستانی ٹیم نے پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر 245رنز بنا لئے ، پاکستان کی جانب سے بیٹر امام الحق 132رنز اور اظہر علی 64رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔

امام الحق کی اننگز میں 15چوکے اور دو چھکے جبکہ اظہر علی کی اننگز میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل ہیں ۔ایک موقع پر آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے امام الحق کے ایل بی ڈبلیو کی پر جوش اپیل کی جسے فیلڈ امپائر کی جانب سے مسترد کیا گیا تاہم مہمان کپتان نے اپیل پر ری ویو لیا جسے تھرڈ امپائر نے بھی ٹیکنالوجی کی مدد سے مسترد کردیا اور یوں مہمان ٹیم اننگز میں دستیاب 3 میں سے 1 ری ویو سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے امپائرنگ کے فرائض علیم ڈار اور احسن رضا نے انجام دیئے جبکہ آصف یعقوب ٹی وی امپائر تھے۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ جبکہ آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون:

کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبھوشینگ، سٹیو سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس گرے، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں ۔