29.9 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومقومی خبریںغیر ملکی طاقتوں نے پاکستان کے اندر سازش کے تانے بانے بُنے،...

غیر ملکی طاقتوں نے پاکستان کے اندر سازش کے تانے بانے بُنے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں کسی ملک کو دخل اندازی کرنے کا حق حاصل نہیں، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی میڈیا سے گفتگو

- Advertisement -

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ غیر ملکی طاقتوں نے پاکستان کے اندر سازش کے تانے بانے بنے ہیں، یہ حقائق ہیں کہ پاکستان کے اندر اقتدار کی تبدیلی کیلئے دھمکی دی گئی ہے، کسی ملک کو حق نہیں پہنچتا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرے اور اقتدار کی تبدیلی کیلئے سازش کرے، ساڑھے تین سال عدم اعتماد کی کوئی کہانی نہیں تھی، خط میں عدم اعتماد کی کامیابی کے ساتھ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو جوڑا گیا ہے۔

جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو کہا جا رہا تھا کہ کوئی دھمکی ہے یا نہیں اس پر مذاق اڑایا جا رہا تھا اور یہی وجہ ہے کہ کابینہ کو بھی اعتماد میں لیا گیا اور معروف صحافیوں سے خط کے مندرجات شیئر کئے گئے۔

- Advertisement -

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جس پارلیمنٹ میں پارلیمان کی تبدیلی کی باتیں ہو رہی ہیں اس پارلیمان کی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی ہے اس میں بھی بریفنگ دی جائے گی تاکہ کسی کے پاس کوئی جواز نہ رہے اور گلی کوچوں میں جب یہ سوال میر جعفر اور میر صادق کے کرداروں سے پوچھا جائے تو وہ یہ نہ کہہ سکیں کہ ہمارے علم میں نہیں تھا اور یہ بیرونی سازش کا حصہ بنے رہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اپوزیشن کا مطالبہ تھا کہ اس مبینہ خط کو قومی اسمبلی میں لایا جائے اور ہم قومی سلامتی کے پارلیمانی فورم میں اس معاملہ کو لے کر جا رہے ہیں اور اب کوئی بھاگے گا نہ ہم بھاگنے دیں گے کیونکہ پوری قوم اس معاملہ کو دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق پوری طرح سامنے رکھیں گے، پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور وزیراعظم نے حلف دیا ہے کہ وہ ملکی سالمیت اور خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہار وہ شخص مانتا ہے جو دل سے ہار مان لیتا ہے، وزیراعظم آخری گیند تک مقابلہ کریں گے اور ابھی 5 اوورز کا کھیل باقی ہے اور اس میں بہت سارے فیصلے ہونا ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہا کہ بہت سارے لوگ جانے انجانے میں اس سازش کا حصہ بن رہے ہیں اور جب سے یہ چیزیں سامنے آئی ہیں لوگ ہم سے رابطہ کر رہے ہیں جن میں اتحادی اور منحرف اراکین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوشل اور فعال میڈیا کا دور ہے، یہ آن ریکارڈ سازش اور حقائق موجود ہیں، اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے 22 کروڑ عوام کھڑے ہیں اور اسے ناکام بنائیں گے۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اس کے ساتھ حساس معاملات جڑے ہیں، ہمیں ملکی مفاد کو بھی عزیز رکھنا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ دیکھنا ہے کہ کیا ہم غلامی اور قومی غیرت کا سودا کر لیں جس طرح سابقہ حکمرانوں نے کر رکھا تھا اور ڈرون حملوں کی اجازت دے رکھی تھی، اپوزیشن نے اب اربوں روپے کی خاطر پورے پاکستان کے جمہوری نظام کو مذاق بنا دیا، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ پاکستان کے آئینی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے اور ہم اپنے تمام قانونی اختیارات پر بھی غور کر رہے ہیں، یہ 172 نمبروں کا نہیں ملکی سلامتی کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سال عدم اعتماد کی کوئی کہانی نہیں تھی، خط میں عدم اعتماد کی کامیابی کے ساتھ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو جوڑا گیا ہے، ہم پارلیمان میں معاملہ لے جا رہے ہیں اور جو خاموش رہے گا اور اپنی آنکھیں بند رکھے گا اس کا احتساب پاکستانی عوام کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=302261

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں