وفاقی وزیرکامران مائیکل کا عالمی یوم اطفال کی تقریب سے خطاب

87
APP04-23 ISLAMABAD: November 23 - Federal Minister for Human Rights Kamran Michal addressing during a function to mark International Children’s Day in PNCA. APP photo by Javed Qureshi

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بچوں کے تحفظ اور بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وہ بدھ کو عالمی یوم اطفال کے سلسلہ میں نیشنل کونسل آف آرٹس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا سرمایہ ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے روشن مستقبل کیلئے اقدامات کریں۔ کامران مائیکل نے کہا کہ یہ ہمارے مستقبل کے معمار ہیں، ہمارے فرائض میں شامل ہے کہ ہم ایسا ماحول ترتیب دیں جس میں ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے اور آگے بڑھنے کے انہیں مساوی مواقع حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں وہی بچہ کامیابی حاصل کرتا ہے جسے آگے بڑھنے کے مواقع ملتے ہیں لیکن حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام بچوں کو آگے بڑھنے اور تعلیم حاصل کرنے کے یکساں مواقع فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں سے جبری مشقت، کم عمری کی شادی، بچوں پر تشدد اور تنازعات میں بچوں کے استحصال جیسے بڑے مسائل ہیں، ان کے حل کیلئے صرف قانون سازی اس وقت تک موثر نہیں ہو سکتی جب تک معاشرہ اپنے فرائض ادا نہ کرے۔