مشکل معاشی حالات میں موجودہ بجٹ عوام دوست اور متوازن ہے،پیاف

57

لاہور۔12جون (اے پی پی):پاکستان انڈسڑیل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ا یشن فرنٹ (پیاف)کے سینئر وائس چیئرمین ناصر حمید خان اور وائس چیئرمین جاوید اقبال صدیقی نے وفاقی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ مشکل معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے حالیہ بجٹ عوام دوست اور متوازن ہے۔

اتوار کو جاری ایک مشترکہ بیان میں دونوں تاجر رہنمائوں نے کہا کہ زراعت اور سولر سیکٹر کی طرح باقی شعبوں کو بھی ریلیف دیا جائے،انہوں نے چھوٹے ریٹیلرز پر فکس ٹیکس لگانے کا پیاف کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ فکس ٹیکس سے زیادہ سے زیادہ تاجر ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے جبکہ وفاقی بجٹ میں زراعت، مشینری اور اس سے متعلقہ اشیا پر زیروٹیکس، سولر پینل پرٹیکس کا خاتمہ،غیر رجسٹرڈ افراد کے ساتھ لین دین پر شناختی کارڈ کی شرط ختم کرنا، صنعتی علاقوں میں زیرو لوڈشیڈنگ جیسے اعلانات بھی خوش آئند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کے اقدامات موجودہ معاشی حالات میں نا گزیر ہیں جبکہ ترقیاتی سکیموں میں اضافے سے نوکریاں پیدا ہوں گی اور بے روزگاری میں کافی حد تک کمی ہو گی۔