حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا ، اس پر بات کرنے کے لئے وزرا کو ایوان میں موجود ہونا چاہیے،سید خورشید شاہ

145
بجٹ پر سینٹ کی جانب سے موصول ہونے والی سفارشات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا جس پر کاشتکار انہیں دعائیں دے رہے ہیں لیکن وزرا اور ارکان کو اس پر بات کرنے کے لئے ایوان میں موجود ہونا چاہیے۔جب تک ممبران ایوان میں نہیں آتے تب تک اجلاس ملتوی کیا جائے جس پر سپیکر نے اجلاس 30 منٹ کے لئے ملتوی کردیا۔

بدھ کو قومی اسمبلی کااجلاس شروع ہوا تو وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا کہ مجھے اس ایوان میں35 سال ہوگئے اس دوران ہم حکومت اور اپوزیشن دونوں میں رہے، حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے مجبوراً ایسی باتیں کرنی پڑ رہی ہیں،ایوان میں بدقسمتی سے میرے علاوہ اس وقت کوئی وزیر موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کے لئے اپنی جانیں دی ہیں، پارلیمان کی عزت کے لئے تکالیف اٹھائی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایوان میں بجٹ میں بحث کرنے والا کوئی نہیں،ان حالات میں اتنا اچھا بجٹ پیش کیا گیا،زراعت پیشہ افراد حکومت کودعائیں دے رہے ہیں لیکن اس پریہاں کوئی بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس نے اس ایوان کو عزت نہیں دی اس کو کہیں عزت نہیں ملی،ایوان کی کارروائی کورم پورا ہونے اور وزراء کی آمد تک ملتوی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس بھی وزارت ہے،میں وزارت کاکام بھی کرتا ہوں اور یہاں اجلاس میں بھی آتا ہوں،دیگر وزرا کو بھی یہاں آنا چاہیے ۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ خورشید شاہ نے اہم معاملہ اٹھایا ہے وزرا اس پر غور کریں۔یہ اہم بجٹ اجلاس ہےحکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کورم پورا رکھیں اور حکومت کی اس معاملہ پر زیادہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے اجلاس کی کارروائی تیس منٹ کے لئے ملتوی کردی۔