سرکاری سکیم کے براہ راست مدینہ پہنچنے والے عازمین کی مکہ مکرمہ روانگی جاری

88
پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی (کل)2 جولائی سے شروع ہو گی، جدہ ایئرپورٹ سے پہلی تین حج پروازوں کے ذریعے693 حجاج کرام وطن واپس پہنچیں گے

مدینہ منورہ ۔15جون (اے پی پی):سرکاری سکیم کے براہ راست مدینہ پہنچنے والے عازمین کی مکہ مکرمہ روانگی جاری ہے جس کے تحت مدینہ میں 8 دن قیام کے بعد مجموعی طور پر اب تک 3267 عازمین مکہ مکرمہ روانہ کر دیئے گئے ہیں ۔

پاکستان ہائوس مدینہ میں قائم میڈیا سیل کے مطابق 1300 عازمین گذشتہ روز منگل کو مکہ مکرمہ روانہ کئے گئے جبکہ 1967 عازمین بدھ کو مدینہ منورہ سے مکہ روانہ کئے گئے ۔ براہ راست مدینہ آنے والے عازمین کی واپسی حج کے بعد جدہ سے ہوگی جبکہ حج کے بعد مکہ سے مدینہ آنے والے عازمین مدینہ سے وطن روانہ ہونگے ۔

مدینہ کے لئے پاکستان سے جاری فلائٹ آپریشن بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تک مکمل کر لیا جائے گا ۔ 16 جون جمعرات سے حج پروازیں پاکستان سے براہ راست جدہ کے لئے روانہ ہونگی ۔ مکہ مکرمہ میں قائم مین کنٹرول آفس سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 15 ہزار 864 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں بدھ کو دو پروازوں کے ذریعے مزید 639 عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچیں گےجبکہ نجی حج سکیم کے تحت 165 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں ۔

ترجمان کے مطابق234 افراد پر مشتمل طبی عملہ ، معاونین اور مذہبی امور کے اہلکار مکہ اور مدینہ میں انتظامی امور سر انجام دے رہے ہیں ۔ شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھول کر حج مشن آنے والے 77عازمین حج کو انکی رہائش گاہوں تک پہنچایا جبکہ حرم گائیڈز نے حرم شریف کے باہر 304 عازمین حج کی درست راستے کی طرف رہنمائی کی۔مین کنٹرول آفس نے اب تک صفائی ، موبائل سم، پانی ، رہائش اور کھانے سے متعلق 22 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے ۔
عازمینِ حج کی صحت کی حفاظت کیلئے ماہر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی زیر نگرانی دو ہسپتال اور 6 ڈسپنسریاں مصروف عمل ہیں ۔

مین کنٹرول آفس کے شعبہ سہولت و تعاون کی زیر نگرانی تمام شعبہ جات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ عازمینِ حج کو 24 گھنٹے سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر شعبہ کا سٹاف شفٹوں میں متعین کیا گیا ہے۔