مون سون کی بارشوں کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی

32

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، اس سے معاشی ترقی یقینی بنانے کے لئے سستی پن بجلی کی دستیابی اوراشیاء خوردونوش کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ عوام کے جان و مال کو بچانے کےلیے ملک میں سیلاب جیسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں،

جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرمملکت نے کہا کہ مون سون کی بارشیں آبی وسائل اور زیر زمین پانی کے ذخائر کو بھرنے میں مدد دیں گی، مون سون بارشوں سے فصل خریف کی کاشت پر اچھے اثرات،چاول،گندم،گنا،تیل کے بیج ،دالیں،سبزیاں ،پھل اور ڈیری مصنوعات کے معیار اورمقدار میں بہتری آئے گی۔ بارشوں کی مقدار ملکی اجناس اور غذائی پیداوار کا تعین کرےگی، صدر مملکت نے کہا کہ اگر ہم اللہ تعالیٰ کی طرف سے دی گئی اس نعمت کو استعمال کرنے میں ناکام رہے تو ہماری پیداوار متاثر ہو گی، زرعی پیداوار متاثر ہونے سے مہنگی خوراک درآمد کرنا پڑے گی،

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکام سیلاب جیسی صورتحال، مٹی کے تودے گرنے سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیلاب سے بچاؤ کیلئے بنیادی ڈھانچہ سازی کے ساتھ ساتھ سیلاب کی قبل از وقت پیش گوئی کی صلاحیت کو بڑھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پانی کے انتظام اور سیلاب سے بچاؤ میں شامل مختلف صوبائی اور وفاقی محکموں کے درمیان موثر روابط یقینی بنانا ہوں گے، ہمیں پانی کی اہمیت جاننے اور اس قدرتی ذخیرے کو محفوظ بنانے کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔