وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ کی زیر صدارت نولانگ ڈیم کی تعمیر سے متعلق اجلاس

127

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ 8سال ہوگئے ہیں نولانگ ڈیم پر کام مکمل نہیں ہو سکا،ملک کی تیز رفتارترقی کیلئے سست روی سے نکلنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں بلوچستان میں نولانگ ڈیم کی تعمیر سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھے تو نولانگ ڈیم کے مسئلے کو حل کیا گیا تھا مگر یہ ڈیم آج بھی وہیں کھڑا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ڈیم کی جلد از جلد تکمیل کو ممکن بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں آنے والی ہر رکاوٹ کو وہ ذاتی طور پر حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموں کی تعمیر ہماری ترقی کیلئے ناگزیر ہے اور ان کی تعمیر کے سلسلے میں کسی دانستہ رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا،نولانگ ڈیم جھل مگسی سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر بلوچستان میں دریائے مولا پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔2 لاکھ 42 ہزار 163 ایکڑ فٹ کی سٹوریج کا حامل یہ ڈیم 4700 ایکڑ کمانڈ ایریا پر مشتمل ہے اور اپنی تکمیل کے بعد یہ 4.4 میگاواٹ بجلی پیدا کر سکے گا ۔