مکہ مکرمہ ۔22جون (اے پی پی):حج آپریشن 2022 کے تحت مجموعی طور پر 28 ہزار300 عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے ہیں ، سرکاری سکیم کے تمام عازمین کو 30 جون تک مکہ مکرمہ پہنچانے کا کام مکمل کر لیا جائے گا ۔
مکہ مکرمہ میں قائم مرکزی کنٹرول آفس کے مطابق سرکاری سکیم کے مکہ مکرمہ 26 ہزار عازمین پہنچ چکے ہیں جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت ابھی تک 2300 کے قریب عازمین پہنچے ہیں، اس طرح مجموعی طور پر 28 ہزار 300 پاکستانی عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں ۔
مدینہ منورہ میں 8 دن قیام کے بعد 14500 عازمین بھی مکہ مکرمہ آ چکے ہیں ۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق بدھ کو مزید تین پروازوں کے ذریعے ایک ہزار عازمینِ حج جدہ ایئرپورٹ پہنچیں گے۔351 افراد پر مشتمل طبی عملہ ، معاونین اور مذہبی امور کے اہلکار مکہ ،مدینہ اورجدہ میں انتظامی امور میں مصروف ہیں۔شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھول کر حج مشن آنے والے 128 عازمین حج کو انکی رہائش گاہوں تک پہنچا دیا ہے۔
حرم گائیڈز نے حرم شریف کے باہر 26 ہزار سے زائد عازمین حج کی درست راستے کی طرف رہنمائی کی ہے۔ذاتی سامان گم ہونے کی 315 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 263 اشیاء تلاش کر کے عازمین کے حوالے کر دی گئیں۔ مرکزی کنٹرول آفس نے اب تک صفائی ، موبائل سم، پانی ، رہائش اور کھانے سے متعلق 141 شکایات کا ازالہ کیا ۔عازمینِ حج کی صحت کی حفاظت کیلئے ماہر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی زیر نگرانی دو ہسپتال اور 6 ڈسپنسریاں مصروف عمل ہیں۔
مرکزی کنٹرول آفس کے شعبہ سہولت و تعاون کی زیر نگرانی تمام شعبہ جات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔عازمینِ حج کو 24 گھنٹے سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر شعبہ کا سٹاف شفٹوں میں متعین کیا گیا ہے۔