پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال

40

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے ،ملک میں پرکشش ماحول پیدا کرنے سے سرمایہ کار پاکستان میں ضرور آئیں گے، جلد فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل جائیں گے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی میٹنگ ہوئی جس میں اتحادی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ،میٹنگ میں دہشت گردی کے خلاف جو کامیابیاں ملی ہیں ان کے بارے میں پس منظر پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے ،ہم نے پی ٹی آئی کے راہنما شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کو بھی مدعو کیا مگر وہ نہیں آئے،خان صاحب کا کام ہے کہ کانٹوں کو بکھیریں اور ہمارا کام ہے ان کو چنیں۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل جائیں گے اور آئی ایم ایف جن کی عمران خان نے دھجیاں اڑا دیں تھیں کے ساتھ بھی معاہدہ بحال ہوجائے گا اور اورسیز پاکستانیز کا اعتماد بھی بحال ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی بدحالی کی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے، پاکستان کی آبادی 60 سے 70 پرسنٹ مڈل کلاس ہے، دنیا کا کوئی بھی انویسٹر پاکستان کو اگنور نہیں کرسکتا ، ملک میں پرکشش ماحول پیدا کرنے سے انویسٹر پاکستان میں ضرور آئیں گے۔

احسن اقبال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پچھلی حکومت نے بدقسمتی سے میڈیا پر پابندیاں عائد کیں،اب حالات بدل چکے ہیں اور میڈیا کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کررہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ان کی کسی مثبت سکیم کے ساتھ وہ سلوک نہیں کریں گے جو انہوں نے اسلام آباد میٹرو سروس جیسے منصوبوں کے ساتھ کیا اورہم نے 80 فیصد منصوبے جو پچھلی حکومت نے شروع کئے تھے ان کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز جاری کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن پر الف لیلیٰ کی کہانیاں بنا رہے ہیں،منی لانڈرنگ کے 50 ارب روپے جو برطانیہ میں پکڑے گئے پاکستان کو ملنے تھے جو عمران خان نے ایک پرائیویٹ آدمی کے اکائونٹ میں جمع کروا دیے ۔