ہری پور، سریکوٹ۔28جون (اے پی پی):سابق جج مرحوم جسٹس صفدر شاہ کی اہلیہ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی خوش دامن انتقال کر گئیں جنہیں ہری پور میں ان کے آبائی گائوں سریکوٹ میں منگل کی شام سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے جج صاحبان نے شرکت کی۔
سینئر وکلاء، صحافیوں، سرکاری افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ وفاقی وزیر قانون بیرسٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، سینیٹر عرفان صدیقی نے مرحومہ کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔