اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوئی اورقومی اداروں کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا گیا ، وزیراعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں ملک کو تمام مسائل سے نکالنے کے لئے تر جیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ نیب مجھ پر لگائے گئے الزامات اورایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کرپایا،عمران خان کے دور میں بھی ہر بار یہی کہا کہ مالی بدعنوانی ثابت کی جائے،عمران خان بہتان بازی کی وجہ سے رسوا ہورہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک کو تمام مسائل سے نکالنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے ایل این جی نہیں خریدی جس وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے،گیس کے منصوبے برقت نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں لوڈشیڈنگ ہے،یہ لوڈ شیڈنگ گزشتہ حکومت کی نالائقی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ حکومت جب گئی تو خزانہ خالی تھا،عمران خان کی نااہلی کی وجہ ملکی معیشت تباہ ہوئی،ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ،پی ٹی آئی تنقیدکرنے سے پہلے قوم سے معافی مانگے۔