مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے اقدامات ناگزیر ہیں ،عوام کو بہت جلد ریلیف فراہم کرینگے، وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع

51

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس و جمعیت علماءاسلا م بلوچستان کے صوبائی امیرمولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے اقدامات ناگزیر ہیں ، سابقہ حکومت کے ہاتھوں تباہ حال ملکی معیشت کی بحالی کے لیے سخت فیصلوں پر مجبور ہیں ،عوام کو بہت جلد ریلیف فراہم کرینگے، ملک کے معاشی حالا ت کو ٹھیک کرنے کیلئے تمام سیا سی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

ایک وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے بلوچستان کے عوام نے افغان زلزلہ زدگان کیلئے مالی امداد فراہم کر دی، زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن تعاون کرینگے، افغان بھائیوں کو کسی بھی صورت مایوس نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت دیگر فیصلے انتہائی مجبوری کے تحت کرنا پڑ رہے ہیں ، موجودہ حکومت جلد عوام کو ریلیف فراہم کریگی کیونکہ عوام موجودہ مہنگائی کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتی، مہنگائی کے خاتمے کیلئے کچھ وقت تک صبر کرنا پڑے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے بلوچستان کے عوام کیلئے بھی آسانیاں پیدا کرنے کی اپیل کی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ وفاق کی سطح پر یہاں کے عوام کو روزگار کے مواقع میسر کریں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے جس طرح خیر سگالی کے تحت افغان بھائیوں کی مدد کی ہے اس پر میں بے حد مشکورہوں ۔