پی ٹی آئی کے دور حکومت میں توانائی سے لے کر بنیادی ڈھانچہ کے ہرمنصوبہ میں تاخیر کابھاری نقصان ہوا ،وزیراعظم محمد شہبازشریف

89

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں توانائی سے لے کر بنیادی ڈھانچہ کے ہر منصوبہ میں تاخیر کا بھاری نقصان ہوا ، اس مجرمانہ غفلت پر انکوائری کا حکم دےدیا ہے، بلوچستان کی پسماندگی کو خوشحالی میں بدلنا ہماری مشترکہ ذمہ داری اور میرا مشن ہے۔

بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ایک اجلاس کے دوران میں نے گوادر بریک واٹر پراجیکٹ میں مجرمانہ غفلت پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پر سخت پریشانی ہوتی ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے 445 ملین ڈالر گرانٹ، 484 ملین ڈالر کے سہولتی قرضے اور فزیبلٹی کی موجودگی کے باوجود اس منصوبہ کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے توانائی سے لے کر بنیادی ڈھانچہ تک ہر منصوبہ میں تاخیر کی جس سے قوم کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ اب پریزنٹیشنز کا وقت ختم ہو چکا ہے اور ایکشن کا وقت شروع ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک کا حصہ ہونے کے باعث نہ صرف بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے حوالہ سے اہم ہے بلکہ اس کی سیاسی ، اقتصادی اور تزویراتی اہمیت بھی بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی کو خوشحالی میں بدلنا ہماری مشترکہ ذمہ داری اور میرا مشن ہے۔