سعودی حکومت نے مختلف ہوائی اڈوں میں پھنسے پاکستانی عازمین حج کو سفر کی خصوصی اجازت دے دی ہے، ترجمان وزارت مذہبی امور

62

مکہ مکرمہ۔6جولائی (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ لاہور، پشاور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں میں پھنسے عازمین حج کو سعودی حکومت نے سفر کی خصوصی اجازت دے دی ہے۔ پھنسے ہوئے عازمین کسی بھی پرواز کے ذریعہ 7 ذوالحج رات 12 بجے تک جدہ کے ہوائی اڈے پر اتر سکیں گے ۔

بدھ کو ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نےخصوصی اجازت دینے پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔مسئلہ کے فوری حل کیلئے سعودیہ میں تعینات پاکستانی سفیر اور حج مشن کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ نجی حج سکیم کے 123 عازمین حج کو ایئر بلیو اور سعودی ایئر کے ذریعے پہنچایا جا رہا ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود 25 سرکاری عازمین حج کو پشاور اور لاہور سے روانہ کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حج ویزہ کے حامل عازمین کو جدہ ایئر پورٹ پر 7 ذی الحج کی رات 12 بجے تک اترنے کی خصوصی اجازت ہے ۔ حج ویزہ کے حامل عازمین حج کسی بھی پرواز کے ذریعے جدہ ایئرپورٹ کا سفر کر سکیں گے۔ حج ویزہ کے حامل افراد خود بھی پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے متعین وقت سے پہلے جدہ ایئر پورٹ پہنچ سکتے ہیں ۔

جدہ ایئرپورٹ پر پاکستان حج مشن کا عملہ عازمین حج کی رہنمائی و سہولت کیلئے موجود ہے۔پروازوں سے رہ جانے والے سرکاری و نجی عازمین حج متعلقہ حاجی کیمپ یا ٹور آپریٹر سے فوری رابطہ کریں۔ حاجی کیمپوں کے ذریعے آخری حج پروازوں سے رہ جانے والے عازمین حج سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔