اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر نے کہا ہے کہ اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ،فیڈرل کالج آف ایجوکیشن کو ٹریننگ سکول آف ایجوکیشن بنانے کیلئے بل جلد اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو فیڈرل کالج آف ایجوکیشن کے دورے کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیتی ادارے کو مستقبل میں جدید خطوط پر اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹریننگ سکول کا براہ راست تعلق ماہر اساتذہ سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کالج کو ٹریننگ سکول آف ایجوکیشن بنایا جا رہا ہے جس کیلئے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت کو ہدایت کی گئی ہے کہ کالج کو ٹریننگ سکول آف ایجوکیشن بنانے کیلئے بل کو اسمبلی میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ اور معیار کو بہتر بنانے کیلئے اساتذہ کی تربیت انتہائی کلیدی کردار ادا کرتی ہے، موجودہ حکومت اساتذہ کی استعداد کار کو بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادار ےکی اپ گریڈیشن بھی اسی سلسلہ کا حصہ ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ مستقبل میں ملک کو بہترین اور ماہر اساتذہ فراہم کرے گا۔ رانا تنویر نے کہا کہ سکول جانے کی عمر کے سکولوں سے باہر بچوں کا معاملہ انتہائی اہم ہے، ہم اس پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ رہے ۔انہوں نے کہا کہ شرح خواندگی میں اضافہ کے بغیر ترقی کا خواب ناممکن ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر کو کالج کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا گیا۔ اس موقع پر انہیں کالج کے امور کار ، کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر مختصر بریفنگ بھی دی گئی۔