راولپنڈی۔19جولائی (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ بابراعظم غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک کھلاڑی ہیں، وہ جس رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں وہ عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوں گے۔
اپنے یو ٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ بڑے پلیئر کی نشانی ہوتی ہے کہ وہ اچھا انسان بھی ہو، بابراعظم نے ویرات کوہلی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرکے یہ ثابت کردیا۔
بابراعظم نے سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار سنچری کی بدولت ٹیم کو مشکلات سے نکالا، سپنرز محمد نواز اور یاسر شاہ نے ٹیسٹ ٹیم میں اچھا کم بیک کیا، یاسر شاہ کو ٹیسٹ کرکٹ میں 400 وکٹیں مکمل کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عبداللہ شفیق نے شاندار پرفارمنس سے خود کو اوپننگ بلے باز کے طور پر منوا لیا ہے، امید ہے کہ وہ قومی ٹیم کے مستقل اوپنر کے طور پر نظر آئیں گے۔
شان مسعود بھی بہت اچھے پلیئر ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ ان کی جگہ کیوں نہیں بن رہی۔ شعیب اختر نے کہا کہ محمد رضوان اور عبداللہ شفیق وکٹ پر موجود ہیں، امید ہے کہ وہ ٹارگٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ایشیا کپ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت ایشیا کپ میں 3 بار مدمقابل آئیں۔