راولپنڈی۔23جولائی (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کا دورہ کیا اور پہلی چیف آف آرمی سٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ 2022 کا فائنل میچ دیکھا۔ ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق ایونٹ میں مختلف ہاکی لیجنڈز اوراولمپئنز نے قومی کھیل کی بحالی میں معاونت کے لیے میچ دیکھا اور پاک فوج اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاکستان بھرسےکھلاڑیوں کے ٹیلنٹ ہنٹ کے طور پر مشترکہ اقدام کو سراہا۔
فائنل میچ لاہور اور ملیر ہاکی کلبز کے درمیان کھیلا گیا۔ رانا ظہیر ہاکی کلب لاہور نے یوتھ ہاکی کلب ملیر کراچی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ مہمان خصوصی چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹیموں کو چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ میڈلز سے نوازا۔ جیتنے والی ٹیم کے بہترین کھلاڑی، بہترین گول کیپر، سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی، ڈیفنڈر اور بہترین فارورڈ کھلاڑی کو بھی انفرادی انعامات سے نوازا گیا۔
چیف آف آرمی سٹاف نے پاکستان کے دور دراز علاقوں کے کلبوں کے نمائندوں اور کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی تاکہ پاکستان بھر میں کھیلوں کی بحالی اور ٹیلنٹ ہنٹ کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔چیمپئن شپ کا آغاز ملک بھر سے 72 اضلاع اور 28 ڈویژنوں کے 718 کلبوں کے ساتھ ہوا جس میں چار مرحلوں میں حصہ لیا گیا جن میں ضلعی، ڈویژنل، صوبائی اور قومی سطح پر اختتام پذیر ہوا۔