پاکستانی ٹیم گال ٹیسٹ میں مشکلات سے دوچار،پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا لئے

64

گال۔25جولائی (اے پی پی):پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا لئے، سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے، قومی ٹیم کو سری لنکا کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے ابھی مزید 187 رنز درکار ہیں، آغا سلمان نے 62 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

پیر کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکا نے 315 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیاتو ڈکویلا 42 اور ویلالاگے 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم ویلالاگے 11 رنز بنانے کے بعد فاسٹ بائولر نسیم شاہ کا شکار بنے۔ ڈکویلا نے شاندار نصف سنچری سکور کی۔ وہ51 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ مینڈس 35 اور جے سوریا 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس طرح سری لنکن ٹیم پہلی اننگزمیں 378 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز 2 اور نعمان علی ایک کھلاڑی کو آئوٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ پاکستان نے پہلی اننگز کا مایوس کن آغاز کیا۔ گزشتہ ٹیسٹ میچ کے ہیرو عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔

امام الحق 32 جبکہ کپتان بابراعظم صرف 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ محمد رضوان اور فواد عالم 24,24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اپنے کیریئر کا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے آغا سلمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 62 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

یاسر شاہ 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ سری لنکا کے سپنر رمیش مینڈس نے 3 ، جے سوریا نے 2 جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور ڈی سلوا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح پاکستان نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا لئے ہیں اور اسے سری لنکا کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 187 رنز درکار ہیں۔