پیرس ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ و اقتصادی امور سینیٹر محمد اسحاق ڈار (آج) منگل سے تین روزہ سرکاری دورے پر فرانس پہنچیں گے۔ انہیں اس دورے کی دعوت فرانس کے وزیر برائے خارجہ امور اور حکومت برطانیہ نے او جی پی سمٹ میں ان کی نمائندگی کے لئے دی تھی جو کہ 6دسمبر تا 9 دسمبر 2016 سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس دورے کے دوران وہ اوپن گورنمنٹ پارٹنرشپ (او جی پی) سمٹ اور فرانس ایجنسی آف ڈویلپمنٹ (اے ایف ڈی) کی 75ویں سالگرہ میں بھی شرکت کریں گے جس کی میزبانی فرانس کے صدر فرانسکوس ہولاندے کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پاکستان کی ممبر شپ کیلئے لیٹر آف انٹنٹ فرانسیسی صدر کے حوالے کریں گے۔سمٹ کے دوران وفاقی وزیر ایک گول میز کانفرنس میں تقریر بھی کرینگے جس میں سمٹ میں پاکستان کی شرکت کے اغراض و مقاصد بیان کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32200