وزیراعظم شہبازشریف نےبجلی کےبلوں کےذریعےفکسڈسیلزٹیکس کی وصولی کوفوری طور پرمعطل کردیا،بجلی کے بلوں کےذریعے دوکانداروں پرفکسڈ سیلزٹیکس کو متفقہ شرح سےزیادہ لاگوکرنے پرانکوائری کرنےکاحکم

241
موسم سرما میں سیلاب متاثرین کو چھت فراہم کرنا بہت بڑا چیلنج ہے، مخیر حضرات اس کام میں حکومت کا ساتھ دیں،وزیراعظم محمد شہبازشریف

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کی وصولی کو فوری طور پر معطل کر کے ٹیکس وصولی کے لیے نئے لائحہ عمل مرتب کرنے اور دوکانداروں سے بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس وصولی پر کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت تاجروں کے نمائندگان کو مشاورت میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے بجلی کے بلوں کے ذریعے دوکانداروں پر فکسڈ سیلز ٹیکس کو متفقہ شرح سے زیادہ لاگو کرنے پر انکوائری کرنے کا حکم بھی دیاہے۔

وزیراعظم میڈیا آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے نرخ اور بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کلیکشن پر جائزہ اجلاس ہفتہ کو لاہور میں منعقد ہوا ، وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کی وصولی کو فوری طور پر معطل کر کے ٹیکس وصولی کے لیے نئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے بجلی کے بلوں کے ذریعے دوکانداروں پر فکسڈ سیلز ٹیکس کو متفقہ شرح سے زیادہ لاگو کرنے پر انکوائری کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی ہدایت کی کہ دوکانداروں سے بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس وصولی پر کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت تاجروں کے نمائندگان کو مشاورت میں شامل کیا جائے۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ وزارتوں اور حکام کو فوری طور پر غریب طبقے کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی کا موثر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت غریب طبقہ کے مالی تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئرخرم دستگیر، وفاقی وزیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک ، چیئرمین ایف۔ بی۔ آر، وفاقی سیکرٹریز توانائی، خزانہ اور پٹرولیم کے علاوہ دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔