وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے اے ڈی بی کے نائب صدر کی ملاقات، پاکستان میں ترقیاتی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ایم ایل ون سمیت اہم قومی ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے، نجی شعبے کی شراکت اور سرمایہ کاری بڑھانے اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے لیے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے پاکستان کے اپنے پہلے سرکاری …

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ایم ایل ون سمیت اہم قومی ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے، نجی شعبے کی شراکت اور سرمایہ کاری بڑھانے اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے لیے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے پاکستان کے اپنے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر بدھ کو وفاقی وزیر اقتصادی امور سینیٹر احد چیمہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن، اے ڈی بی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور دونوں جانب سے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزارت اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور نے پاکستان کی اہم ترقیاتی ترجیحات کے فروغ میں چھ دہائیوں سے زائد عرصے سے قابل اعتماد اور موثر ترقیاتی شراکت دار کے طور پر اے ڈی بی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اے ڈی بی کی جانب سے کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹیجی (2026-2030 کی منظوری کو بھی سراہا۔وزیر اقتصادی امور نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ 3 سے 4 برس کے دوران آئی ایم ایف، اے ڈی بی اور عالمی بینک سمیت اہم ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون سے جامع مالیاتی، ساختی اور گورننس اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن سے ملکی معیشت پر اعتماد بحال کرنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد قائم کرنے میں مدد ملی ہے۔ ان اصلاحات نے معاشی استحکام، اقتصادی نمو اور بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگز میں بہتری میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔سینیٹر احد چیمہ نے ایم ایل ون (ML-1) کو قومی اہمیت کا حامل فلیگ شپ منصوبہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ نجکاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے موثر فریم ورک، منصوبوں پر عملدرآمد بہتر بنانے اور تجارتی بنیادوں پر قابل عمل منصوبوں کی مضبوط پائپ لائن تیار کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے اے ڈی بی پر زور دیا کہ پاکستان میں نجی شعبے کے لیے اپنی سرمایہ کاری اور آپریشنز کو مزید وسعت دے۔اے ڈی بی کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا خیرمقدم کرتے ہوئے معاشی استحکام کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے منصوبوں کی بروقت تیاری اور موثر عملدرآمد کے لیے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی پروجیکٹ ریڈینس اصلاحات کو بھی سراہا۔

اے ڈی بی کے نائب صدر نے کہا کہ پاکستان نے اے ڈی بی کو جدید مالیاتی ذرائع متعارف کرانے کا موقع فراہم کیا، جن میں پالیسی بیسڈ گارنٹی اور پانڈا بانڈز کے اجراء کے لیے گارنٹی جیسے اقدامات شامل ہیں۔انہوں نے پاکستان میں ایم ایل ون منصوبے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے پیدا کیے گئے مضبوط پیش رفت کے ماحول کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اے ڈی بی حکومت پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا تاکہ منصوبے پر جلد از جلد عملی کام اور گرائونڈ بریکنگ کی راہ ہموار کی جا سکے۔اے ڈی بی کے نائب صدر نے ریلوے کے ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔ اس حوالے سے انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ موثر پلیٹ فارم کی فراہمی کے لیے اس عمل کا فوری آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے پاکستان میں اے ڈی بی کے نجی شعبے کے پورٹ فولیو کو مزید وسعت دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں ایس ایم ایز کے شعبے کو مضبوط بنانے، برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی، ہنرمندی کی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگراموں، بجلی کی ترسیل و تقسیم کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری، پانی اور غذائی تحفظ اور پاکستان میں تکنیکی معاونت کے پروگراموں کو مزید وسعت دینے سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان مضبوط شراکت داری کو مزید مستحکم کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کیا جائے گا، نجی شعبے کی شرکت میں اضافہ کیا جائے گا اور اس شراکت داری کو ٹھوس اور قابل عمل معاشی نتائج میں تبدیل کیا جائے گا۔

مزید خبریں