ملک بھر کے 86 اضلاع میں قومی انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ہو گئی ، 43.3 ملین بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، وفاقی وزیر صحت

157
عبد القادر پٹیل

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےقومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہےکہ ملک بھر کے 86 اضلاع میں رواں سال کی تیسری پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ہو گئی ہے،مہم میں 43.3 ملین بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔

پیر کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہاکہ رواں انسدادپولیومہم جنوبی خیبرپختونخوا اور کراچی میں 15 اگست سے جاری ہے جبکہ بلوچستان میں انسدادپولیو مہم 29 اگست سے شروع ہو گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پہلے ہی انسدادپولیو مہم کا آغاز کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں انسدادپولیو مہم کے دوران 43.3 ملین بچوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے پلانے کا ہدف مقررکیاگیاہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں پولیو مہم کے دوران 3 لاکھ 92 ہزار فرنٹ لائن ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ،صوبائی حکومتیں اور ضلعی انتظامیہ مہم کی کامیابی کے لئے سرگرم عمل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ فرنٹ لائن ورکرز ہمارے قومی ہیرو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ عبدالقادر پٹیل نے والدین سے اپیل کی کہ تمام والدین مہم کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس ہمارے ماحول میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی ہر مہم میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلوائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ٹال فری صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر والدین کی رہنمائی کی جارہی ہے۔