پاکستانی تاجروں کیلئے متحدہ عرب امارات کے بائیوٹیکنالوجی ، فوڈ اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سفیر یو اے ای

113
United Arab Emirates
United Arab Emirates

لاہور۔24اگست (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے بدھ کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے لاہور چیمبر میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کے بائیوٹیکنالوجی ، فوڈ اور زراعت سمیت دیگر بہت سے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے پاکستانی تاجروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت اور معاشی صورتحال پر تفصیل سے روشنی ڈالی جبکہ سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔اماراتی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات بہترین تعلقات کے حامل جبکہ وہاں مقیم پاکستانی معاشی حوالے سے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہے لیکن مارکیٹ کے بارے میں معلومات کا فقدان آڑے آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کی اجازت ہوگی جس کا معاہدہ زیر تکمیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات مشرق وسطی کی اہم معاشیات میں سے ایک ہے، گزشتہ چند دہائیوں کے دوران اس نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان بڑے اقتصادی اور تجارتی شراکت دار ہیں، پاکستان کے لیے سب سے زیادہ درآمدات اور برآمد ات والے ممالک میں متحدہ عرب امارات بالترتیب دوسرے اور چھٹے نمبر پر آتا ہے، تجارت کا توازن ہمیشہ متحدہ عرب امارات کے حق میں رہا ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات سے درآمدات کا بڑا حصہ پیٹرولیم مصنوعات اور خام تیل پر مشتمل ہے ۔

میاں نعمان کبیر نے کہا کہ یو اے ای کو برآمدات بڑھاکر پاکستان تجارت میں توازن پیدا کرنے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای جو اشیا دنیا بھر سے درآمد کرتا ہے وہ پاکستان میں وافر مقدار میں دستیاب ہیں، دونوں اطراف کے تجارتی مشنز باہمی تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کو ترسیلات زر کی اشد ضرورت ہے، یو اے ای میں مقیم پاکستانی اس حوالے سے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستان میں معدنیات اور کان کنی، پیٹرولیم، فارماسیوٹیکل، لائٹ انجینئرنگ، پروسیسڈ فوڈ، فنانشل سروسز اور ریٹیل سیکٹر وغیرہ میں سرمایہ کاری کرنے کی بھی زبردست گنجائش موجود ہے۔

 انہوں نے سفیر کو لاہور چیمبر میں یو اے ای کا ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی تجویز دی۔ سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای دو برادر ملک ہیں، یہ بہترین وقت ہے کہ ان تعلقات کی جھلک باہمی تجارت میں بھی نظر آئے۔ نائب صدر حارث عتیق نے کاروباری برادری کے لیے ویزا کے اجراکی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔