پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور نجی شعبوں کے مابین تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جانی چاہئیں، پاکستان زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں کوریا کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوریا -پاکستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے سربراہ لی ہَیک ینگ کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کی مناسب تعلیم و تربیت کے بعد کورین کمپنیوں کو قابل اور سستے انسانی وسائل فراہم کر سکتا ہے ، کوریا پاکستان کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی وسیع غیرکاشت شدہ زمینوں کو زیر کاشت لانے میں مدد دے سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ تحقیق و ترقی اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کی مدد سے سندھ اور پنجاب کے زرخیز میدانوں کی زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے ، کوریا پاکستان کی اقتصادی ترقی میں موثر کردار ادا کر رہا ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ کوریا نے کئی شعبوں بالخصوص گاڑیوں اور فونز کی مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کی ہے، دونوں ممالک کو موجودہ تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے باہمی مشاورت اور غور و خوض جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے سی پیک منصوبوں میں کورین کمپنیوں کے کردار ، خصوصی اقتصادی زونز میں ان کی سرمایہ کاری کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے ، سرمایہ کاری اور تجارتی پالیسیوں کو جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے مابین موجودہ تجارتی حجم 2 ارب ڈالر کے قریب ہے ، دونوں ملکوں کے درمیان خدمات اور اشیاء میں تنوع لاکر اور قابل حصول اہداف کی مدد سے دوطرفہ تجارتی حجم چند سالوں میں 6 ارب ڈالر تک لے جایا جا سکتا ہے ۔

صدر نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان پارلیمانی گروپوں کے تبادلے سے دونوں ممالک مزید قریب آئیں گے اور پارلیمانی گروپوں کے تبادلے سے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ صدر مملکت نے پاکستان اور کوریا کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات کو پوری صلاحیت کے مطابق استوار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔