وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل سے اردن کی شہزادی سارہ زید رعد کی ملاقات

224

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی سماجی و اقتصادی بہتری کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں زچہ و بچہ کی صحت اور غذائیت پر عالمی ادارہ خوراک (ڈبلیو ایف پی) کی خصوصی مشیر اردن کی شہزادی سارہ زید رعد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

پاکستان میں ڈبلیو ایف پی کے کنٹری نمائندہ کرس کائے، ڈبلیو ایف پی کے ہیڈ آف نیوٹریشن محمدوف تانے مونے، سیکرٹری خزانہ اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے شہزادی سارہ زید رعد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عالمی ادارہ خوراک کی مسلسل معاونت پر ڈبلیو ایف پی کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے عوام کی سماجی ترقی کیلئے کئی اصلاحی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے بالخصوص بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے فراہم کی جانے والی امداد اور سیلاب متاثرین کیلئے معاونتی اقدامات کا حوالہ دیا۔ ملاقات میں خواتین کی ترقی، زچہ و بچہ کی صحت، غذائی سہولیات اور بچوں کی تعلیم سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہزادی سارہ زید رعد نے کہا کہ ڈبلیو ایف پی کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں وفاقی اور صوبوں کی سطح پر ڈبلیو ایف پی کے ساتھ تعاون کی تعریف کی۔

انہوں نے انسانی ہمدردی، خوراک، غذائی ضروریات، تخفیف غربت اور خواتین کی ترقی میں پاکستان کو ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر خزانہ نے سیلاب سے متاثرہ افراد اور علاقوں کی امداد اور بحالی میں پاکستان کے ترقیاتی شراکت داروں کی مؤثر شمولیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے عمل میں کردار ادا کرنے پر اردن کی شہزادی سارہ زید رعد کا شکریہ ادا کیا۔