اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے محکمانہ کھیلوں پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میڈلز جیت کر قوم کا نام روشن اور سبز ہلالی پرچم سربلند کیا ہے، ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر قوم کو فخر ہے، اس سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو گی، ملک میں سیلاب کی صورتحال کے باعث بڑا چیلنج درپیش ہے، سیلاب متاثرین کو دوبارہ گھروں میں آباد کرنے کیلئے تمام تر وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم ہائوس میں دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں جس طریقہ سے محنت کرکے شاندار کارکردگی دکھائی ہے اس سے ملک کا نام روشن ہوا ہے اور سبز ہلالی پرچم دنیا میں سربلند ہوا ہے، یہ کامیابیاں تمام کھلاڑیوں کے والدین کی دعائوں، اساتذہ اور کوچز کی محنت، ان کی اپنی کھیلوں سے لگن اور دن رات محنت کا نتیجہ ہے، ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور پاکستان کے 22 کروڑ عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پورا یقین ہے کہ ہمارے کھلاڑی کھیل کے میدان میں آئندہ بھی اسی طرح کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے اور اس سے ہمارے دیگر ہونہار کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی۔
وزیراعظم نے کھیلوں کے حکام کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ان کے ٹیم ورک اور کوششوں نے قوم کو یہ دن دکھایا ہے، اسی طریقہ سے اقدامات جاری رکھے جانے چاہئیں اور نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کرنے چاہئیں، یہ قوم بڑی جری اور ہمارے بچے بڑی ہمت والے ہونہار بچے ہیں اور ان میں زیادہ کھلاڑیوں کا تعلق شاید امیر گھرانوں سے بھی نہیں ہے لیکن یہ عظیم پاکستانی ہیں، اسی طرح کھیلوں کے شعبہ میں ٹیلنٹ کی تلاش کی جائے تو یہ بہت بڑی قومی خدمت ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے ارشد ندیم نے اپنے گائوں کو مثالی گائوں اور سکول اور ہسپتال جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، مثالی گائوں کی پالیسی پہلے موجود تھی لیکن پھر اسے ختم کر دیا گیا تھا لیکن ارشد ندیم کے گائوں میں یہ ساری سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اسی طرح کی سہولیات دیگر کھلاڑیوں کے دیہات میں بھی فراہم کریں گے، امید ہے کہ جن کھلاڑیوں نے کانسی اور چاندی کے تمغے حاصل کئے ہیں وہ آئندہ سونے کے تمغے جیتیں گے اور سونے کے تمغے جیتنے والے پلاٹینم میڈل لیں گے، ہمت کریں گے تو ترقی آپ کے قدم چومے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے انعام کی رقم میں یقیناً اضافہ ہونا چاہئے اور یہ اضافہ کیا بھی جائے گا لیکن اس وقت ملک کو سیلابی صورتحال کے باعث بڑا چیلنج درپیش ہے، خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ میں سیلاب سے بہت تباہی ہوئی ہے، آج ہی قطر کے دورہ سے واپس پہنچا ہوں اور ابھی ایک اجلاس میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا کہ کس طرح سے ہمیں اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے ہیں، لاکھوں، کروڑوں لوگ سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں ان کیلئے مزید رقوم چاہئیں، جیسے بھی اور جہاں سے بھی ممکن ہوا ان کیلئے وسائل تلاش کریں گے اور انہیں دوبارہ اپنے گھروں میں آباد کریں گے۔ وزیراعظم نے بارشوں اور سیلاب سے 800 سے 900 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اﷲ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور پاکستان اور پاکستان کے عوام کو مزید کسی سے نقصان سے بچائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمانہ کھیلوں پر پابندی ختم کر رہا ہوں تاکہ محکموں کے درمیان کھیلوں میں مسابقت کو بڑھایا جائے اور کھیلوں کے میدان میں پاکستان کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو لوہا منوا سکیں۔ قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی کھیلوں میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔ انعامات حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں الطاف الرحمن، شاہ حسین شاہ، عنایت اﷲ، علی اسد، زمان انور، شریف طاہر، محمد انعام، نور دستگیر بٹ اور ارشد ندیم شامل ہیں۔