حیدرآباد۔26اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن) کی جانب سے پاکستان میں پانی اور زراعت سے منسلک اداروں اور کاشتکاروں کو موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش صورتحال سے نمٹنے کے لئے تربیت اور معلومات کے تبادلے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایف اے او کے وفد زیبیو گریٹو کی زیر قیادت سیڈا حکام سے ملاقات کی۔
ترجمان سیڈا کے مطابق وفد میں شامل ڈاکٹر اشفاق احمد، حیدر شبیر، محمد اکاشا، عمر کوثر ملک اور صدام قریشی و دیگر نے کہا کہ گرین کلائمیٹ فنڈ کے تحت ایف اے او ایک ویب پورٹل بنانا چاہتی ہے جس میں آبپاشی، زراعت اور موسم سے متعلق معلومات رکھی جائے جو روزانہ کی بنیاد پر جاری ہو، جس سے کاشتکاروں اور محکمہ آبپاشی کے منیجرز کو موسمی صورتحال اور نظام میں دستیاب پانی کے بارے میں آگاہی مل سکے تاکہ اس کی بہتر انداز میں تقسیم ممکن ہوسکے اور کاشتکار اس حساب سے اپنی زرعی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔ اس موقع پر سیڈا کے جنرل منیجر ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ غلام مصطفیٰ اُجن نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیڈا میں جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم سیل موجود ہے جو پہلے سے اس نظام پر کام کر رہا ہے۔ سیڈا کے آئی ایس اسپیشلسٹ محمد ابراہیم میمن نے سیڈا کی جانب سے تیار کئے گئے ویب پورٹل پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیڈا نے ایک ویب پورٹل بنایا ہے جس میں ڈیموں، ہیڈ ورکس، بیراجوں اور کینالوں کی روزانہ کی صورتحال اور اعداد و شمار دستیاب ہیں۔
اس کے ساتھ آبادگار تنظیموں کے اعداد و شمار کو بھی شامل کرنے کا سلسلہ جاری ہے جو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر ایف اے او کے وفد نے سیڈا کی جانب سے تیار کئے گئے انفارمیشن ویب پورٹل کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیڈا کو ویب پورٹل کی تیاری، معلومات جمع کرنے اور اس کی عوام تک رسائی دینے کے حوالے سے جو رکاوٹیں یا مسائل درپیش ہوں وہ تحریری صورت میں انہیں بھیجے جائیں تاکہ ان کے حل میں ایف اے ، سیڈا کی مدد کرسکے۔