اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور چئیرمین وفاقی فلڈ ریلیف کمیٹی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت نئی سیلابی حالات کے پیش نظر فلڈ ریلیف کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیریں رحمان نے شرکت کی،وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر اعظم کے مشیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نےبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائیوں میں 34384 ٹینٹس ، 29400 فوڈ پیکٹس ، 18860 ابتدائی طبی امداد کی کٹس اور 106 جنریٹر، 350 لائف سیونگ جیکٹس ، 1000 سلیپنگ بیگز ، 9944کچن سیٹ، 17650 کمبل، ملک گیر متاثرہ علاقوں میں فراہم کئے گئے ۔ چئیرمین فلڈ ریلیف کمیٹی
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی اے سپیشل ٹیمز تشکیل دے اور تمام ٹیلی کیمیونیکشن کمپنیوں کے ساتھ ملکر غیر فعال ٹاورز کو بحال کرے،صوبوں کے ساتھ ملکر سیلاب کے پیش نظر صحت کے لئے مربوط قومی ایمرجنسی پلان تشکیل دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کو ہنگامی طور پہ متاثرہ سڑکیں بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔