ملک کی ترقی کے لئے آبی ذخائر اور پن بجلی منصوبے نہایت اہم ہیں، ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ملک میں آبی وسائل کے فروغ کیلئے آگے بڑھا جائے،وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ

106

لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے گزشتہ روز واپڈا ہائوس کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر کو واپڈا کے منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے سیلاب کے بعد واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں پر صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے آبی ذخائر اور پن بجلی منصوبے نہایت اہم ہیں،اسلئے یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ملک میں آبی وسائل کے فروغ کیلئے آگے بڑھا جائے۔

اِن منصوبوں کی تعمیر سے زراعت کیلئے پانی ذخیرہ ہوگا، سیلاب کی روک تھام میں مدد ملے گی اور کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی بھی پیدا ہو گی۔ وفاقی وزیر نے حالیہ سیلاب کی وجہ سے زیر تعمیر منصوبوں پر ہونے والی ممکنہ تاخیر سے بچنے کے لئے واپڈا کے پلان پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ آبی وسائل اِس ضمن میں واپڈا کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

قبل ازیں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)سجاد غنی نے وفاقی وزیر کو پاکستان میں پانی کی ابتر صورتحال کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے ہمارے پاس ڈیمز کی تعمیر کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔انہوں نے وفاقی وزیر کو داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور مہمند ڈیم کی سائٹس پر حالیہ سیلاب کے اثرات سے بھی آگاہ کیا۔

چیئرمین نے بتایا کہ اِس بات کے لئے بھر پور کوشش کی جارہی ہے کہ ایک موثر حکمت ِ عملی کے ذریعے دونوں منصوبوں پر تعمیراتی کام جلد از جلد بحال کیا جائے۔یہ امرقابلِ ذکر ہے کہ واپڈااِس وقت پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں 10 منصوبے تعمیر کر رہا ہے۔ اِن منصوبوں کی تکمیل سے 11 اعشاریہ7 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا اور11ہزار 268 میگاواٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی حاصل ہوگی۔