قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، وفاقی وزیر ساجد حسین طوری

239

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ ہر اندرونی و بیرونی خطرے سے پاکستان کا دفاع کیا ہے، قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 6 ستمبر یوم دفاع کے موقع پر شہدائے قوم و غازیوں کو خراج تحسین و سلام پیش کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یادگار دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، 1965 میں آج کے دن ہماری بہادر مسلح افواج نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سب کو شہدائے پاکستان کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے، شہداء کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے پاکستان کے دفاع کو ایٹمی طاقت اور میزائل ٹیکنالوجی سے ناقابل تسخیر بنایا، آج پاکستان کی دفاعی صلاحیت ناقابل تسخیر ہے۔ ساجد حسین طوری نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ہر اندرونی و بیرونی خطرے سے پاکستان کا دفاع کیا ہے، قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔