دس ادویات کی قیمتوں میں اضافےکی سمری کو مسترد کردیا ہے، وفاقی وزیر برائے قومی صحت

289
عبد القادر پٹیل

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے 10 ادویات کی قیمتوں میں اضافےکی سمری کو مسترد کردیا ہے۔

منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میں ایک سیاسی کارکن ہوں اور غریب کی خدمت کرنا ہی میرا نصب العین ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کا بوجھ نہیں ڈالوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کےلئے دبائو ڈالا جارہا ہے لیکن میں کسی قسم کے دبائو میں نہیں آئوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں قطعاً اضافہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دورحکومت میں570 ادویات کی قیمتوں میں 179فیصد اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل ترین صورتحال سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کو ملک میں جعلی ادویات بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی منظور شدہ قیمت سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں سیاسی کارکن ہوں اورغریبوں کا درد رکھتا ہوں، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت نہیں کیا جائے گا، ہمیں سیلاب کی اس صورتحال میں عوام کا احساس کرنا اور ان کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار ادویات کے خام مال کی رجسٹریشن اور پرائسنگ کرنے جارہے ہیں جس کے نتیجہ میں خام مال درآمد کرنے والے اپنی مرضی کا ریٹ نہیں لگا سکیں گے۔\