اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے دو روزہ دورے پراسلام آباد سے ازبکستان روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیر اعظم آفس کےمیڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم سمرقند ایئر پورٹ سے حضرت خضر کمپلیکس جائیں گے جہاں وہ مسجدِ خضر اور اسلام کریموف کے مزار پر بھی جائیں گے ، وزیرِ اعظم صدر تاجکستان امام علی رحمن ،صدر ازبکستان شوکت مرزایوف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے۔
وزیرِ اعظم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، بیلا روس کے صدرالیگزینڈر گریگوریوچ لوکا شینکو اور صدر کرغستان سدیر جاپاروف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیرِ اعظم ازبک صدر کی طرف سے سربراہانِ ممالک کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے۔عشائیے کے بعد وزیرِ اعظم ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=327311