اسلام آباد ۔ 8 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جون 2013کے بعد پاکستان کے قبائیلی علاقوں کے زیادہ تر حصوں میں حکومتی رٹ قائم ہو چکی ہے اور ان علاقوں میں اقتصادی و سماجی سرگرمیاں اس حقیقیت کا واضح ثبوت ہے۔اس مقصد کیلئے پاکستان کو بھاری قیمت چکانا پڑی،پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہزاروں سویلین و سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے جمعرات کوواشنگٹن میں یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں امریکی حکومتی نمائندوں اور خارجہ پالیسی کے ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ طارق فاطمی نے اقتصادی استحکام اور امن و امان کی بحالی میں حکومتی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پر عزم ہے۔اقتصادی استحکام و بحالی کے حوالے سے حکومتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے توانائی منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور اگلے سال سے لوڈ شیڈنگ تاریخ کا حصہ بن جائیگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32766