اسلام آباد ۔ 9 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے سماجی تحفظ کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی ہے جس کے نیتجہ میں غذائیت کے لحاظ سے پاکستان میں غربت کی شرح 60 فیصد سے کم ہو کر 29 فیصد ہو گئی ہے۔ جمعہ کو ایک فرانسیسی اخبار کو اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو 23 ارب ڈالر تک بڑھایا ہے جو پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ پاکستان کے پاس صرف تین ہفتوں کے درآمدی بل کے مساوی غیر ملکی زرمبادلہ تھا جو موجودہ حکومت کی پائیدار پالیسیوں اور ٹھوس اقدامات کے نتیجے میں اب 5 ماہ کے درآمدی بل کے مساوی ہو گئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی تین سٹاک ایکسچینجوں کے انضمام کے بعد پا کستان سٹاک ایکسچینج قائم کی گئی ہے۔ مورگن سٹینلے نے پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان شفافیت پر یقین رکھتا ہے اس سلسلے میں ہم نے او ای سی ڈی کے کثیر الجہتی کنونشن میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32977